۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ وطن کی سلامتی و استحکام سب جماعتوں کا مشترکہ منشور ہے۔ذاتی مفادات کے لیے اگر یکجا ہوا جاسکتا ہے تو عوامی مفاد کی خاطر حکومت کا ساتھ کیوں نہیں دیا جا سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کا قتل ملک کے امن اوراستحکام کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ تھا۔ملک دشمن عناصر نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے دہشت گردی،انتہا پسندی ،مسلکی منافرت اور صوبائی و لسانی تعصب کے پرچار سمیت ہر ہتھیار ہم پر استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جمہوری وژن رکھنے والی ایک نڈر سیاست دان تھیں،ضیا جیسا بدترین آمر بھی انہیں سرنگوں نہیں کر سکا۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کے محرک وہ عناصر ہیں جو مذہب کی آڑ میں تکفیریت اور قتل و غارت کو جائز قرار دیتے ہیں ۔وطن عزیز کو جتنا نقصان مذہبی انتہا پسندی سے پہنچا اتنا کسی دوسری طاقت نے نہیں پہنچایا۔وہی ملک دشمن قوتیں مختلف انداز سے آج بھی اپنے شیطانی عمل میں مصروف ہیں۔

ان کا بنیادی ہدف قومی سلامتی کو نقصان پہنچا کر ملک کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنا ہے۔تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اس آڑے وقت میں ذاتی رنجشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک دشمنوں کے خلاف مشترکہ سعی کریں۔مختلف جماعتوں کے مابین نظریاتی اختلاف ہونا ایک اٹل حقیقت ہے لیکن اس امر کو بھی جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ مادر وطن کی سلامتی و استحکام سب جماعتوں کا مشترکہ منشور ہے۔ذاتی مفادات کے لیے اگر یکجا ہوا جاسکتا ہے تو عوامی مفاد کی خاطر حکومت کا ساتھ کیوں نہیں دیا جا سکتا۔

دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے گلگت کے علاقے منی مرگ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک فوج کے چارافسران و اہلکاران کی شہادت پر اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے جو ملک کی حفاظت کے لیے ہر محاذ پر مصروف عمل ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .